جامعہ اردو کی انجمن اساتذہ کے وفد کی صوبائی وزیر صنعت سے ملاقات
کراچی (جسارت نیوز) وفاقی اردو یونیورسٹی کی انجمن اساتذہ کے وفد نے صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور یونیورسٹی کو درپیش انتظامی مسائل اور ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے متعلق آگاہ کیا۔وفاقی اردو یونیورسٹی کی انجمن اساتذہ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر پروفیسر اقبال نقوی، صدر ڈاکٹر روشن علی سومرو، نائب صدر ڈاکٹر اصغر علی دستی، نائب جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عرفان عزیز، ڈاکٹر رضوانہ جبیں، ڈاکٹر یاسمین اور ریاض احمد پر مشتمل ایک وفد نے صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وفد نے صوبائی وزیر کو وفاقی اردو یونیورسٹی کو درپیش انتظامی مسائل اور ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے متعلق آگاہ کیا۔ وفد نے صوبائی وزیر سے درخواست کی کہ وہ یونیورسٹی کے مسائل کے حل اور ملازمین کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے سلسلے میں ان کے مؤقف کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے وفد کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کو توجہ سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ یونیورسٹی کے مسائل کو متعلقہ اعلیٰ حکام تک پہنچانے اور ان کے حل کے لیے ممکنہ تعاون کریں گے۔