کشیدگی کے دوران جاپانی اور چینی وزرائے خارجہ کی گفتگو
منیلا (انٹرنیشنل ڈیسک) جاپانی وزیر خارجہ موتیگی توشی متسو کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے چینی ہم منصب سے بات چیت کی ۔ گزشتہ برس نومبر میں جاپانی وزیراعظم تاکائچی سانائے کی جانب سے تائیوان میں ممکنہ ہنگامی صورتحال کا پارلیمان میں حوالہ دینے کے بعد تعلقات میں بگاڑ آیا تھا، جس کے بعد سے یہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان پہلا رابطہ ہے۔ موتیگی آسیان کے متعلقہ وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے فلپائن کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ اجلاس کے درمیان مختصر بات چیت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اْن دونوں نے دو طرفہ تعلقات پر بات کی۔ جاپانی وزیر نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ممالک کے درمیان مسائل اور چیلنجوں کے باعث رابطہ کاری اہم ہے۔ موتیگی نے کہا کہ جاپان اور چین خطے میں امن کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں اور یہ کہ بات چیت جاری رکھنا انتہائی ضروری ہے۔