لسانی تقسیم کی سیاست کامیاب نہیں ہوگی، ڈپٹی میئر

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے ایم کیو ایم کی حالیہ پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم روزِ اول سے وفاقِ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتی آئی ہے اور اب خیرات کے مینڈیٹ پر سیاست کر رہی ہے۔اپنے بیان میں سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ آئینِ پاکستان صوبوں کے قیام یا صوبائی حدود میں تبدیلی کا واضح طریقہ کار متعین کرتا ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی صوبے کی حدود میں تبدیلی آئین کے آرٹیکل 239(4) کے تحت متعلقہ صوبائی اسمبلی کی منظوری سے مشروط ہے جبکہ نئے صوبوں کا قیام یا کسی صوبے کی تقسیم بھی مکمل آئینی تقاضوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے غیر آئینی مطالبات نہ صرف آئین سے انحراف ہیں بلکہ عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ قومی یکجہتی اور وفاقی ڈھانچے کو کمزور کرنے کی سیاست کی ہے۔ ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ سندھ کسی ایک جماعت یا ایک قومیت کی جاگیر نہیں بلکہ یہ تمام قومیتوں کا مشترکہ گھر ہے۔ سندھ میں آباد سندھی‘ اردو بولنے والے‘ پنجابی‘ پختون، بلوچ، سرائیکی اور دیگر تمام برادریاں اس دھرتی کا برابر کا حصہ ہیں اور انہیں یکساں حقوق حاصل ہیں۔ سلمان عبداللہ مراد نے مزید کہا کہ لسانی بنیادوں پر تقسیم کی سیاست نہ ماضی میں کامیاب ہوئی ہے اور نہ ہی آئندہ کامیاب ہوگی جبکہ ملک کی ترقی اور استحکام قومی یکجہتی، آئین کی بالادستی اور باہمی ہم آہنگی میں مضمر ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *