جے ایس یوایم میں جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) میں جشن آزادی 2026ء کی دو ہفتوں پر مشتمل تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہفتہ کو منعقدہ پروقار پرچم کشائی کی تقریب سے کیا گیا۔ جامعہ کے گراؤنڈ فلور پر منعقد ہونے والی اس تقریب میں قومی پرچم قومی وقار، احترام اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ لہرایا گیا جبکہ شرکاء نے بانیانِ پاکستان اور قیامِ پاکستان کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی، پروفیسر امجد سراج میمن نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اتحاد، نظم و ضبط، حب الوطنی اور قومی ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے طلبہ، اساتذہ اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکار، اصولوں اور وژن کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات کا مقصد نئی نسل میں قومی شعور، یکجہتی اور وطن سے محبت کے جذبات کو اجاگر کرنا ہے تاکہ وہ اپنے فرائض کا احساس کرتے ہوئے پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں۔ تقریب میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر نگہت شاہ، رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان، فیکلٹی اراکین، انتظامی افسران، ملازمین، طلبہ اور جامعہ کے دیگر عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔