پاکستان اور پاکستانی ایجنسی سے متعلق گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے والا ملزم گرفتار
اسلام آباد (نمائندہ جسارت) قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حساس اداروں نے ایک بڑی مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پاکستان اور اس کے اعلیٰ ترین سیکورٹی و قومی اداروں کے خلاف من گھڑت، گمراہ کن اور ففتھ جنریشن وارفیئر کے تحت پروپیگنڈا پھیلانے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کے قبضے سے جدید ڈیجیٹل آلات، لیپ ٹاپس اور حساس ڈیٹا برآمد کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات اور ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم ملک دشمن غیر ملکی عناصر اور ان کے آلہ کاروں کے ایجنڈے پر کام کر رہا تھا۔ ملزم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے من گھڑت ویڈیوز، جعلی دستاویزات اور زہریلا مواد پھیلا کر عوام میں سنسنی، اضطراب اور حساس اداروں کے خلاف نفاق پیدا کرنے کی مذموم کوششوں میں ملوث تھا۔ ملزم کے نیٹ ورک اور اس کے دیگر سہولت کاروں کی نشاندہی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ آزادیِ اظہارِ رائے کی آڑ میں پاکستان کے قومی مفادات، دفاعی اداروں اور قومی سلامتی پر حملہ کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واضح کیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کا ایسا کوئی بھی غیر قانونی پروپیگنڈا کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور ریاست کے خلاف سازش کرنے والے تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔