جاپان :7.1شدت کا زلزلہ‘بڑے پیمانے پرتباہی
ٹوکیو (اے پی پی) جاپان کے جنوبی پریفیکچر کماموٹو میں7.1شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی، جس سے ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع ، ٹرین سروس معطل ہو گئی اور سونامی اور آفٹر شاکس کی وارننگ جاری کردی گئی تاہم سونامی کی وارننگ میں بعد ازاں نرمی کر دی گئی ۔رائٹرز اور اے ایف پی کے مطابق جاپانی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی نے کہا کہ زلزلے کے بعد متعدد زخمیوں، عمارتوں کے منہدم ہونے اور آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ زلزلے سے متاثرہ علاقے میں سونی اور ٹی ایس ایم سی سمیت دنیا کی سب سے بڑی کنٹریکٹ چپ میکر کمپنیوں کے پلانٹ واقع ہیں۔ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے بتایا ہے کہ ملک کے جنوبی کیوشو جزیرے پر واقع کماموٹو، ناگاساکی، کاگوشیما، فوکوکا، ساگا، اویٹا اور میازاکی پریفیکچرز کے لیے زلزلے کی وارننگ جاری کی گئی تھی اور زلزلے کے بعد ایک میٹر بلند لہر کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کی وارننگ بھی جاری کی گئی تھی تاہم زلزلے کے دو گھنٹے بعد جب سونامی کی کوئی سرگرمی نہیں دیکھی گئی تو ایجنسی کی ویب سائٹ سے الرٹ ہٹا دیا گیا ۔ایجنسی کے ترجمان نے کہا کہ ابھی تک سونامی کی کوئی سرگرمی نہیں دیکھی گئی ہے اس وجہ سے ہم مستقبل میں سطح سمندر کے حالات کے لحاظ سے سونامی کی ایڈوائزری کو نسبتا ابتدائی مرحلے پر اٹھانے کی امید کرتے ہیں ۔جاپانی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی نے کہا کہ زلزلے کے بعد متعدد زخمیوں، عمارتوں کے منہدم ہونے اور آگ لگنے کی اطلاع ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ابھی تک زخمیوں اور املاک کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگا رہے ہیں ۔