صیہونی غنڈہ گردی عملی اقدامات کرنے سے ختم ہوگی، حنیف طیب
کراچی (پ ر) نظام مصطفی پارٹی کے چیئرمین سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم وقدرتی وسائل ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے گزشتہ دنوں اسرائیلی وزیر داخلہ کی سرپرستی اورغاصب فوج کے فول پروف پہرے میں 4 ہزارسے زائد انتہاپسند، دہشت گرد صیہونی آبادکاروں کی جانب سے قبلہ اول، مسجد اقصیٰ کے احاطے پروحشیانہ عمل اوربے حرمتی پر غم و غصے کااظہارکرتے ہوئے اس مجرمانہ فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسجد اقصیٰ میں غاصب اسرائیل پرچم لہرانا‘ تلمودی رسومات کی آڑمیں رقص کرنا اورمقدسات کی توہین کرنا پوری مسلم امہ کے ایمان،غیرت اورجذبات پر براہ راست اورکھلاحملہ ہے ۔حاجی حنیف طیب نے کہاکہ مسجد اقصیٰ صرف مسلمانوں کی عبادت گا ہ ہے اسرائیل کی جانب سے تاریخی وقانونی حیثیت ختم کرنے کی ہرکوشش کوناکام بنایاجائے گا۔ حاجی محمدحنیف طیب نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی وزرا اور آبادکاروں کی جانب سے پرچم لہرانے اورحالیہ شدید اشتعال انگیزی کے خلاف 8اسلامی مماک پاکستان‘ سعودی عرب‘ مصر‘ ترکیہ‘ انڈونیشیا‘ اردن‘ قطر اورمتحدہ عرب امارات کے فوری اورمتفقہ موقف کو سراہتے ہوئے کہاکہ مسلم وزارئے خارجہ کا اس اقدام پر مذمت کرنا امت مسلمہ کے دلی جذبات کی ترجمانی ہے۔ انہوںنے اس بات پر زوردیا کہ اب وقت بدل چکا ہے‘ محض مذمتی بیانات اورروایتی اعلامیے اسرائیل کے جارحانہ وناپاک عزائم کو روکنے میں ناکام رہے ہیں اب قبلہ اول کے تحفظ اورامت مسلمہ کے وقارکے لیے زبانی الفاظ نہیں بلکہ فوری ،ٹھو س اورعملی اقدامات کی ضرورت ہے۔