بینک الفلاح کو پہلی ششماہی میں 21ارب روپے منافع
کراچی (کامرس رپورٹر) بینک الفلاح لمیٹڈ نے سال2026کی پہلی ششماہی کیلئے مالی نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ سال 2026کے پہلے 6ماہ میں بینک کا بعد از ٹیکس منافع گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 39.6 فیصد اضافے کے ساتھ 21.32 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ فی حصص آمدنی 6.76 روپے رہی، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 4.84 روپے تھی۔بورڈ نے فی حصص 1.5 روپے (30 فیصد) کے دوسرے عبوری نقد منافع (کیش ڈیویڈنڈ) کا بھی اعلان کیا، جس کے بعد پہلے چھ ماہ کے لیے مجموعی نقد منافع فی حصص 3.0 روپے (60 فیصد) ہو گیا، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ فی حصص 2.5 روپے (50 فیصد) تھا۔منافع میں اضافے کی بنیادی وجوہات میں سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے کیپیٹل گینز، خالص سودی آمدنی میں بہتری، اور آپریٹنگ اخراجات کے مؤثر انتظام کے ساتھ بینک کی بنیادی حکمت عملی پر مسلسل عمل درآمد شامل ہیں۔بیلنس شیٹ کے لحاظ سے بینک کے مجموعی ڈپازٹس 2.66 کھرب روپے تک پہنچ گئے، جبکہ کرنٹ ڈپازٹس 1.15 کھرب روپے ہو گئے، جو غیر منافع بخش ڈپازٹس کے تناسب کو بہتر بنانے کی حکمت عملی کی عکاسی کرتے ہیں۔بینک کے مجموعی قرضے 1.16 کھرب روپے تک پہنچ گئے، جن میں کنزیومر، ایس ایم ای اور زرعی مالیاتی شعبوں میں متوازن ترقی دیکھنے میں آئی۔بینک کی خالص سودی آمدنی میں 5.0 فیصد اضافہ ہوا، جس کی وجہ بہتر مارجن اور اوسط کرنٹ اکاؤنٹ ڈپازٹس میں مسلسل اضافہ رہا۔اسی طرح نان فنڈ آمدنی میں 46.0 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی بڑی وجوہات بروقت کیپیٹل گینز کا حصول، زرمبادلہ آمدنی میں اضافہ، اور ترسیلات زر، کارڈ پورٹ فولیو، تجارتی سرگرمیوں، جی ٹو پی اسکیموں اور متبادل بینکاری چینلز سے حاصل ہونے والی فیس آمدنی میں اضافہ تھیں۔30 جون 2026 تک بینک کا کیپیٹل ایڈیکویسی ریشو 17.4 فیصد رہا، جو ریگولیٹری تقاضوں سے نمایاں طور پر زیادہ ہے۔