امریکہ نے قطری ایل این جی بردار جہاز کو پاکستان جانے سے روک دیا
دوحا(صباح نیوز) قطر سے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) لے کر پاکستان آنے والا بحری جہاز العریش آبنائے ہرمز عبور کرنے کے بعد اچانک پاکستان کی جانب بڑھنے کے بجائے عمان کی سمت مڑ گیا، جہاں وہ جمعہ کو کئی گھنٹوں تک سمندر میں چکر لگاتا رہا۔ اس پیش رفت کے بعد سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ امریکہ نے جہاز کو پاکستان جانے سے روک دیا۔تاہم اس دعوے کی سرکاری سطح پر نہ تو امریکہ اور نہ ہی پاکستان کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے۔امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت شدید متاثر ہے۔ امریکہ چاہتا ہے کہ تجارتی جہاز عمان کی جانب سے متبادل جنوبی روٹ استعمال کریں، جبکہ ایران کا مؤقف ہے کہ جہاز روایتی راستے سے گزریں، جو اس کے زیرِ اثر سمندری علاقے سے گزرتا ہے، اور متعلقہ فیس بھی ادا کریں۔