ملک بھر میں بارشیں، ندی نالوں میں طغیانی، نشیبی علاقے زیر آب
اسلام آباد/ کراچی /حیدرآباد(نمائندہ جسارت/اسٹاف رپورٹر) ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا نیا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کہیں موسم خوشگوار ہو گیا ہے تو کہیں نشیبی علاقے زیرِ آب آنے اور ندی نالوں میں طغیانی سے امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی اور حیدرآباد سمیت دیگر اضلاع میں گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ کراچی کے علاقوں گلشن اقبال، ناظم آباد، ڈیفنس، کورنگی اور مضافاتی علاقوں میں ابرِ رحمت برسنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ حیدرآباد اور لطیف آباد کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور چند فیڈرز کے ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، تاہم بلدیاتی عملہ اور ڈی واٹرنگ پمپس فوری طور پر متحرک کر دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بالائی علاقوں میں بارشوں سے ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ پی ڈی ایم اے حکام نے پنجاب کے صنعتی و شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو بلا ضرورت سفر سے گریز کرنے اور محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔