ضلع تربت میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ،3افراد جاں بحق

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان کے ضلع تربت میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق واقعہ تربت سے تقریباً 30 کلومیٹر دور پیدارک میں پیش آیا۔میتیں اسپتال منتقل کی گئیں جہاں جاں بحق افراد کی شناخت شاہ بیگ ولد سردار عزیز، امان اللہ ولد شیر محمد اور الطاف حسین ولد مراد کے ناموں سے ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر روانہ ہوگئی اور ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے علاقے دالبندین میں مسلح افراد نے پانچ گاڑی مالکان کو اغوا کرلیا ،مغوی دو روز قبل نذرِ آتش کیے گئے بوزرز اور ٹریلرز کا ملبہ اٹھوانے آئے تھے۔پولیس کے مطابق واقعہ دالبندین میں نوکچا کے مقام پر پیش آیا ہے جہاں نا معلوم مسلح افراد نے پانچ افراد کو اغوا کرلیا۔ مغویمغوی گزشتہ دنوں مسلح افراد کی جانب سے نذرِ آتش کیے گئے بوزرز اور ٹریلرز کا ملبہ اٹھوانے کے لیے موقع پر پہنچے تھے کہ اس دوران مسلح افراد نے انہیں یرغمال بنا کر اغوا کر لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اغواکار پانچوں افراد کو نامعلوم مقام کی جانب لے گئے، جبکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مغویوں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور اغواکاروں کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *