پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف احتجاجاً شاہراہ فیصل مکمل بند کر دی گئی
کراچی/ (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی و پیٹرول قیمتوں میں اضافے کے خلاف جمعہ کو کراچی بھر میں بھر پور احتجاج کیا گیا اور شاہراہ فیصل بند کر دی گئی ،مظاہرین نے دھرنا دیا اور سڑک کے دونوں ٹریک بند کر دیے ، قبل ازیں شہر بھر سے آنے والی ریلیاں مزار قائد پہنچیں اور امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی قیادت میں مرکزی ریلی شاہراہ قائدین سے ہوتی ہوئی شاہراہ فیصل پہنچی ، علاوہ ازیںنیشنل ہائی وے ، سپر ہائی وے ، حب ریور روڈ ،شاہراہ اورنگی ، شاہراہ کورنگی ، شاہراہ پاکستان سمیت شہر کی دیگر بڑی سڑکیں بھی بند کی گئیں اور مختلف اضلاع سے آنے والی ریلیوں کے شرکاء نے سڑکوں پر احتجاج کیا اور دھرنا دیا ۔ ریلیوں کے شرکاء موٹر سائیکلوں ، سوزوکیوں ، کاروں ، چھوٹے بڑے ٹرکوں اور دیگر گاڑیوں پر سوار تھے جنہوں نے جماعت اسلامی کے جھنڈے اور مختلف بینرز و پلے کارڈرز بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرو ، پیٹرول سستا کرو ، آئی پی پیز مافیا کو لگام دو ، حکمرانوں اپنی شاہ خرچیاں ختم کرو ، غریب عوام پر ظلم بند کرو سمیت دیگرنعرے اور مطالبات درج تھے۔ منعم ظفر خان نے شاہراہ فیصل پر دھرنے کے شرکاء سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں شاہراہ فیصل سمیت پورے شہر اور پورے ملک میں 510بڑی اور اہم شاہرائوں پر احتجاج اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام نے حکمرانوں کی معاشی دہشت کو مسترد کر دیا ہے ، پورے پاکستان نے ثابت کردیا ہے کہ ہم ظلم کے ضابطے نہیں مانتے۔ ظلم کے خلاف کراچی کل بھی بیدار تھا اور آج بھی بیدار ہے۔ کراچی کے نوجوانوں ،عوام نے موٹر سائیکل اور گاڑیاں بند کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔ ظالم حکمرانوں کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے۔ حکمرانوں کو اب شاہانہ اخراجات اور عیاشیاں ختم کرنا ہوگی۔ حکومت پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ختم اور پیٹرول سستا کرے ، آئی پی پیز مافیاکو اربوں روپے نوازنے کا سلسلہ بند کیا جائے ، غریب عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دیا جائے ، جماعت اسلامی پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس، مہنگائی و بے روزگاری اور غریب عوام پر حکمرانوں کے ظلم کے خلاف برسر پیکار ہے۔ جماعت اسلامی پر امن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں نہ سیاسی اور نہ ہی معاشی استحکام موجود ہے۔ وطن عزیز میں جاگیرداروں وڈیروں اور خوانین کا راج ہے۔ ہمیں انگریزوں سے آزادی ملی تو آج انگریزوں نے غلام ملک پر حاکم بنے ہوئے ہیں۔ آج ملک میں فارم 47 کی پیداوار حکومت مسلط ہے ۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر کے ایم و نائب امیر کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ ، سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی ، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق، ڈپٹی سکریٹری عبد الرزاق خان و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔