ٹریلر نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا، نوجوان جاں بحق،2زخمی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے علاقے موچکو یوسف گوٹھ بس ٹرمینل کے قریب ٹریلر نے موٹر سائیکل سوار 3 افراد کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں نوجوان جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 4 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔ایس ایچ او سہیل فاروق نے بتایا کہ ٹریلر کی ٹکر سے جاں بحق نوجوان کی شناخت 18 سالہ رحمان اور زخمیوں کی 23 سالہ شہریار اور 32 سالہ زین کے نام سے شناخت ہوئی ہے، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور زمان کو گرفتار کر کے ٹریلر اور متوفی کی موٹر سائیکل قبضے میں لے کر تھانے منتقل کر دی اور اس حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ادھر گلشن معمار کے علاقے ناردن بائی پاس عباس کٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار مدد گار 15 پولیس کا اہلکار خالد زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔