اللہ سے تعلق مضبوط کرنے سے ہی زندگی میں استحکام پیدا ہوگا، ڈاکٹر عامر عبداللہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث کراچی زون اے، ڈاکٹر عامر عبداللہ محمدی نے جامع مسجد ابراہیم خلیل اللہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ پرفتن دور میں ذکرِ الہی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔ انسان جتنا اللہ تعالی سے اپنا تعلق مضبوط کرے گا، اتنا ہی اس کے ایمان، کردار، صبر اور زندگی میں استحکام پیدا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ذکر الہٰی صرف زبان سے چند کلمات دہرانے کا نام نہیں بلکہ اس کے لیے استحضارِ قلب اور اللہ تعالی کی عظمت و کبریائی کا شعور ضروری ہے۔ جب بندہ پوری توجہ، اخلاص اور حضورِ قلب کے ساتھ اپنے رب کو یاد کرتا ہے تو یہی ذکر اس کی روحانی قوت، قلبی اطمینان اور مشکلات میں ثابت قدمی کا ذریعہ بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضورِ قلب کے بغیر دعا اور ذکر کے وہ ثمرات حاصل نہیں ہوتے جن کا وعدہ شریعت میں کیا گیا ہے۔