ضلع سائٹ غربی میں متعدد مقامات پر کارنر میٹنگز کا انعقاد
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پیٹرولیم لیوی کے خلاف 7اگست کو ملک گیر ہڑتال کے سلسلے میں جماعت اسلامی ضلع سائٹ غربی کے تحت جمعہ کو متعدد مساجد کے باہر بعد نماز جمعہ کارنر میٹنگز کا اہتمام کیا گیا جس سے امیر ضلع ڈاکٹر نور الحق ، قیم ضلع راشد خان، نائب امرا سید سلطان روم، نذر محمد برکی ، ڈپٹی سیکرٹریزحاجی بشیر احمد، عامر نواز عباسی، عبد القیوم، نور النویز سمیت علاقائی و مقامی رہنمائوں نے خطاب کیا ، کارنر میٹنگز میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، مقررین نے عوام کو 7اگست کے ملک گیر ہڑتال میں شرکت کی دعوت دی ۔ جامع مسجد حقانی سیوڑھی بابا فرنٹیئر کالونی کے باہر ایک بڑے کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے امیر ضلع ڈاکٹر نور الحق نے کہا کہ پیٹرولیم قیمتوں میں آئے روز ظالمانہ اضافے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے ، ہر طرف مہنگائی کا طوفان برپا ہے، عام آدمی کا جینا مشکل ہوچکا ہے ، حکومت لیوی کے نام پر جگا ٹیکس وصول کرکے عوام کی جیبوں پر روز ڈاکا ڈال رہی ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی آواز ملاکر اپنے حقوق کے حصول کے لیے جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں اور 7اگست کی ملک گیر ہڑتال میں بھر پور حصہ لیں ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا فی الفور پیٹرولیم لیوی ختم کردیا جائے ، مہنگائی کے خاتمے کے مؤثر اقدامت کیے جائیں اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے ۔ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے یہ لاوا اگر پھٹ گیا تو حکمرانوں کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی ۔