حکومت نے راتوں رات پیٹرول پمپ مالکان کو امیر بنادیا ، شاہد خان

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل مرکزی نائب صدر پیر یاسر سائیں کے میڈیا کوآرڈینیٹر، رہنما حیدرآباد شاہد خان اور دیگر ذمہ داران نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور پیٹرول پمپ مالکان کے مبینہ گٹھ جوڑ کے باعث راتوں رات پیٹرول پمپ مالکان کو کروڑوں روپے کا فائدہ پہنچایا جاتا ہے جبکہ اس تمام بوجھ کا براہِ راست اثر غریب اور متوسط طبقے پر پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل ایک واضح پالیسی اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار عوام کے لیے مسلسل پریشانی اور غیر یقینی صورتحال پیدا کر رہا ہے قیمتوں میں معمولی رد و بدل بھی مہنگائی کی نئی لہر کو جنم دیتا ہے، جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ اشیائے خور و نوش ادویات اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروری اشیا مزید مہنگی ہو جاتی ہیں انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی بے روزگاری بجلی،گیس اور دیگر بنیادی سہولیات کے بحران نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، ایسے حالات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ایسے فیصلے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہے ہیں حکومت کو چاہیے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرے نہ کہ ایسے اقدامات کرے جن سے صرف مخصوص طبقے کو فائدہ پہنچے شاہد خان اور دیگر ذمہ داران نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں نے عام آدمی کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے عوام کی قوتِ خرید ختم ہوتی جا رہی ہے جبکہ مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے سیاسی مفادات کے حصول میں مصروف ہے انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام اب مہنگائی بے روزگاری اور معاشی بدحالی سے تنگ آچکے ہیں اور حکمرانوں کو اپنی عوامی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں مکمل شفافیت اختیار کی جائے عوامی مفاد کو اولین ترجیح دی جائے اور ایسے تمام اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے صرف مخصوص عناصر کو فائدہ اور عام شہری کو نقصان پہنچے آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ہر فورم پر عوام کے حقوق کی آواز بلند کرتی رہے گی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *