14سالہ لڑکی کی بازیابی اورجان سے مارنے کی دھمکیوں کیخلاف احتجاج

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)) ضلع جامشورو کے مانجھند تعلقہ سان ٹاؤن کے نواحی گاؤں میاں بخش کھوسو کے رہائشی مرد و خواتین نے14 سالہ لڑکی کی بازیابی اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر محمد یعقوب کھوسو نے بتایا کہ ملزم راول ولد الہدنو کھوسو نے 5 ماہ قبل میری 14 سالہ بیٹی روبینہ کو اغوا کیا تھا، راول کھوسو اور اس کے رشتہ دار میری بیٹی کی بازیابی کے لیے مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بیٹی کے اغوا کا مقدمہ درج کرانے تھانے گئے لیکن پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا اس لیے ہم نے مقدمہ درج کرانے کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان نے مجھ سے میری بیٹی روبینہ کا رشتہ مانگا تھا لیکن ہم نے انکار کیا تو میری بیٹی کو اغوا کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میری بیٹی کی عمر 18 سال نہیں ہے اس لیے اس کی شادی بھی غیر قانونی ہے۔ انہوں نے ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس ایس پی جامشورو سے اپیل کی کہ ان کی بیٹی کو واپس دلایا جائے اور ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *