میر رضا علی قتل کیس، جائے وقوعہ سے پستول کا کور برآمد
کراچی(جسارت نیوز) پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی بلاک 2 سے تعلق رکھنے والے نوجوان میر رضا علی کے قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں تفتیشی ٹیم کو جائے وقوعہ سے ایک پستول کا کور برآمد ہوا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق جمعہ کو تفتیشی ٹیم ایک بار پھر جائے وقوعہ پر پہنچی، جبکہ ایس پی گلشن اقبال غلام شبیر سرکی بھی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔ کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ اور اس کے اطراف میں تفصیلی سرچنگ کرتے ہوئے شواہد اکٹھے کیے، جس دوران ایک پستول کا کور بھی برآمد ہوا، جسے فرانزک جانچ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ذرائع نے کہا کہ تفتیشی حکام واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرنے کے لیے علاقے میں سرچنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 کے رہائشی 25 سالہ مغوی نوجوان میر رضا علی کی لاش گزشتہ بدھ کو گلستان جوہر تھانے کی حدود میں گلستان جوہر بلاک 2، شادی قلعہ شادی ہال کے قریب جھاڑیوں سے ملی تھی، جس کے بعد پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے مختلف زاویوں سے تحقیقات کا آغاز کر رکھا ہے۔