قصبہ کالونی میں مبینہ پولیس مقابلہ،ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی (جسارت نیوز )کراچی کے علاقے پیرآباد کی قصبہ کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق پولیس کو مشتبہ ملزمان کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، جس پر کارروائی کی گئی۔ اس دوران مبینہ طور پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جس کے جواب میں ہونے والے مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد خان عرف گڈ کے نام سے ہوئی ہے، جسے زخمی حالت میں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک پستول، چھینا گیا موبائل فون اور نقد رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ برآمد ہونے والے سامان کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام نے کہا کہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے قصبہ کالونی اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔