خصوصی افراد کی تعلیم کیلیے حکومت اورآغا خان یونیورسٹی میں معاہدہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں حکومتِ سندھ اور آغا خان یونیورسٹی کے درمیان خصوصی افراد کی تعلیم، تربیت، تحقیق اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہر بچے کو بلاامتیاز معیاری تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی شمولیت اور بااختیاری سندھ حکومت کے انسانی ترقی کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے اور یہ معاہدہ صرف ایک دستاویز نہیں بلکہ خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کے لیے ایک مؤثر اسٹریٹجک شراکت داری ہے۔انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے تحت آغا خان یونیورسٹی میں اسپیشل ایجوکیشنل نیڈز (SEN) یونٹ قائم کیا جائے گا، جو اساتذہ کی تربیت، تعلیمی تحقیق، پالیسی سازی اور خصوصی تعلیم میں جدت کا مرکز ہوگا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پانچ سالہ منصوبے کی مجموعی مالیت 43 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد ہے، جس میں حکومت سندھ 27 کروڑ 85 لاکھ روپے جبکہ آغا خان یونیورسٹی 16 کروڑ 6 لاکھ روپے سے زائد کا حصہ فراہم کرے گی۔آغا خان یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین نے کہا کہ خصوصی افراد کو مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنا معاشرتی ترقی کے لیے ناگزیر ہے اور یونیورسٹی سندھ حکومت کے ساتھ مل کر جامع اور معیاری تعلیمی نظام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک مثالی ماڈل ثابت ہوگا۔ انہوں نے ڈیپارٹمنٹ آف ایمپاورمنٹ آف پرسنز وِد ڈس ایبلٹیز اور آغا خان یونیورسٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ کو علم، تحقیق، جدید تعلیم اور سماجی شمولیت کا گہوارہ بنایا جائے گا۔