کراچی: ایم کیو ایم کے 2 گروپوں میں فائرنگ‘2 افراد زخمی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان میں خالد مقبول صدیقی اور مصطفی کمال گروپ کے اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ دونوں گروپ کے حامیوں کے درمیان ہاتھا پائی اور پتھراؤ ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔ کراچی میں بہادرآباد کے قریب مشتعل افراد نے ہوائی فائرنگ بھی کی، ایم کیو ایم کے کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے۔ رہنما ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران کہا کہ بہادرآباد میں رہنماؤں کے درمیان پارٹی اجلاس کے بعد اختلافات ہوئے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایم پی اے اعجازالحق اور رہنما ذاکر کے ساتھ دوسرے گروپ کے کارکنان نے ہاتھا پائی کی، منگلا شرما اور سبین غوری کے ساتھ بھی بدتمیزی کی گئی۔ رہنما ایم کیو ایم پاکستان امین الحق کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے ہمارا ایک کارکن زخمی ہوا، پتھراؤ سے بھی کارکنان زخمی ہوئے ہیں، دفتر میں شدید توڑ پھوڑ کی گئی ہے اور حملہ کرنے والے سی سی ٹی وی کیمرے کا ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے، اب یہ معاملہ مزید آگے چلنا ممکن نہیں۔