یورپ کے جنگلات میں آگ بے قابو‘ ہزاروں افراد کا انخلا
برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپ کے متعدد ممالک میں جنگلاتی آگ تیزی سے پھیلنے لگی جس کے باعث ہزاروں افراد کو اپنے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق فرانس کے جنوب مغربی علاقے میں ایک بڑی جنگلاتی آگ کے باعث 10 ہزار سے زائد افراد کو انخلا کرنا پڑا، جبکہ سیکڑوں فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔ اسپین میں بھی شدید آگ نے ہزاروں ایکڑ رقبہ جلا دیا ہے اور متعدد دیہات خالی کرا لیے گئے ہیں جبکہ امدادی کارروائیاں بھی ساتھ ساتھ جاری ہیں۔ اٹلی کے جزیرے سسلی سمیت دیگر علاقوں میں بھی جنگلاتی آگ وسیع ہوتی جارہی ہے جہاں رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی، خشک موسم اور تیز ہوائیں ان جنگلاتی آگ کو مزید بھڑکا رہی ہیں، جبکہ موسمیاتی تبدیلی ایسے واقعات کی شدت میں اضافے کا ایک اہم سبب سمجھی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ترکیے کے صوبے موغلا کے جنگلات میں بھی آگ بھڑک اٹھی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق جنگلات میں لگی آگ سے دھویں کے گھنے بادل بن گئے، آگ سے وسیع رقبہ متاثر ہوگیا، آگ پر قابو پانے کے لیے ہیلی کاپٹرز اور فائر فائٹرز کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ آپریشن میں 380 اہلکار، 53 فائر ٹرک اور 9 واٹر ٹینکرز آپریشن میں شریک ہیں،جب کہ 14 ہیلی کاپٹرز اور 5 طیارے پانی برسا کر شعلوں پر قابو پانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔