سجاول میں شاہ بندر بلاک میں گیس وتیل کا چوتھا ذخیرہ دریافت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے ضلع سجاول، سندھ میں واقع اپنے آپریٹڈ شاہ بندر بلاک میں اپنے دریافتی کنوئیں راہیX-1 سے گیس اور کنڈنسیٹ کی دریافت کی ہے۔ یہ پی پی ایل کی جانب سے شاہ بندر بلاک میں مسلسل چوتھی دریافت ہے۔اس بلاک میں پی پی ایل 63فیصد کاروباری شراکت (WI) کے ساتھ بحیثیت آپریٹرمشترکہ کاروباری شراکت کا حصہ ہے، ماری انرجیز لمیٹڈ کی شراکت32فیصد ہے جبکہ سندھ انرجی ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ میں سے ہرایک کے پاس 2.5فیصد کاروباری شراکت ہے۔ دریافتی کنوئیں راہیX-1 کی کھدائی کا آغاز 17 جون 2026 کو کیا گیا اور اسے 2,612 میٹر کی گہرائی تک کھودا گیا تاکہ لوور گورو فارمیشن کی اپر سینڈ کی ہائیڈروکاربن جانچ کی جا سکے۔ کھدائی کے نتائج، حاصل شدہ / تشریح شدہ وائر لائن لاگز ڈیٹا کی بنیاد پر، ذخائر میں ہائیڈروکاربن رکھنے والے ممکنہ زونز کی نشاندہی ہوئی جس کی کیسڈ ہول DST کے ذریعے جانچ کی گئی۔جانچ کے دوران لوور گورو فارمیشن کی اپر سینڈ سے64 / 32انچ چوک سائزاور 133 پاؤنڈفی مربع انچ کے ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر پر یومیہ0.493 ایم ایم ایس سی ایف گیس اوریومیہ 12بیر ل کنڈنسیٹ حاصل ہوئے۔ ایک معروف قومی دریافتی و پیداواری کمپنی کے طور پر، پی پی ایل اپنی دریافتی و پیداواری کی تیز رفتار کوششوں کے ساتھ ملک کی توانائی کی فراہمی و بقاء کے لئے پرعزم ہے۔