نیب کراچی نے 13 کروڑ 62 لاکھ کی ریکوری رقوم تقسیم کر دیں
کراچی (جسارت نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے بدعنوانی کے مقدمات میں ریکور کی گئی 13 کروڑ 62 لاکھ 93 ہزار روپے (136.293 ملین روپے) کی رقم حکومت سندھ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور گلشن رومی ہاؤسنگ اسکیم کے متاثرین میں تقسیم کر دی۔نیب کراچی میں منعقدہ تقریب میں ڈی جی نیب کراچی شکیل احمد درانی، پی ایس پی نے چیک تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نیب سرکاری اداروں، تاجر برادری اور عام شہریوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے بدعنوانی کے ذریعے لوٹی گئی رقوم حقداروں تک واپس پہنچانے اور کرپشن میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔تقریب میں 12 کروڑ 28 لاکھ 53 ہزار روپے (122.853 ملین روپے) کا چیک چیف سیکرٹری سندھ کے دفتر کے نمائندے کے حوالے کیا گیا۔ یہ رقم مختلف احتساب مقدمات، جن میں سابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر حیدرآباد مشتاق احمد شیخ، منور علی بوزدار اور سابق ڈپٹی کمشنر مٹیاری عدنان رشید قریشی کے خلاف ریفرنسز شامل ہیں، میں ریکور کی گئی۔نیب کے مطابق ان مقدمات میں ملزمان پر منی لانڈرنگ، اختیارات کے ناجائز استعمال، سرکاری فنڈز میں غبن، کرپشن اور بدعنوانی کے دیگر الزامات عاید کیے گئے تھے، جبکہ بعض مقدمات میں سندھ بینک کے اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت سے منی لانڈرنگ کا بھی انکشاف ہوا۔