مون سون کے پیش نظر‘الخدمت رضاکاروں کیلیے تربیتی ورکشاپ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ سندھ کے زیر اہتمام مون سون کے پیش نظر3 روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد ممکنہ مون سون بارشوں، ہنگامی حالات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے رضا کاروں کی عملی صلاحیتوں کو نکھارنا اور کمیونٹی سطح پر ایمرجنسی رسپانس کے نظام کو مزید فعال اور مضبوط بنانا تھا۔ 3 روز تک جاری رہنے والی اس جامع تربیتی ورکشاپ کے دوران ماہرین کی جانب سے رضا کاروں کو خود کو محفوظ بناتے ہوئے آفات اور حادثات سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر، ریسکیو،فائرریسکیو، کیمپ مینجمنٹ، رَوپ ریسکیو، فلڈ مینجمنٹ، فرسٹ ایڈ اور بیسک لائف سپورٹ کورسز کی ٹریننگ دی، ورکشاپ میں رضاکاروں کو نقشوں اور ملٹی میڈیا کے ذریعے بریفنگ کے ساتھ ساتھ عملی مشقوں کا بھی اہتمام کیاگیا۔ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن سندھ ریجن کے ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، خیر محمدتنیو نے کہا کہ سندھ ماضی میں شدید سیلاب، ارلی فلڈنگ اور دیگر قدرتی آفات کا بڑا ہدف رہا ہے، اور ایسی کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بلا تفریق انسانی جانوں کا تحفظ اور ریلیف و ریسکیو کی فوری فراہمی الخدمت کی اولین ترجیح رہی ہے۔ مون سون کی ممکنہ طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے الخدمت اپنے رضا کاروں کو بین الاقوامی معیار کی جدید تکنیکوں اور عملی مہارتوں سے لیس کر رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی کیفیت میں متاثرہ علاقوں اور افراد تک بروقت پہنچ کر امدادی سرگرمیاں بلا تاخیر شروع کی جا سکیں۔اس موقع ضلعی امیرزبیر حفیظ شیخ، صدر الخدمت رضا اللہ گھمرو، مامون الرشید باجوہ اور ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122واحد بخش مہر سمیت دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ رضا کاروں کے جذبے، ڈسپلن اور عملی مہارتوں کو سراہتے ہوئے تربیتی ورکشاپ کے شرکا میں اسنادبھی تقسیم کی گئیں۔