الخدمت کے تحت نئی کراچی میں میگا ٹری پلانٹیشن ڈرائیو کا اہتمام

کراچی(اسٹاف رپورٹر) الخدمت کراچی کی جین زی موومنٹ کے تحت میگا پلانٹیشن ڈرائیو 2026 کا نیو کراچی پاور ہاؤ س کے علاقے میں اہتمام کیا گیا ۔ مہم کا افتتاح الخدمت کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے پودا لگا کر کیا جبکہ نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف نے بھی شجرکاری میں حصہ لیتے ہوئے پودا لگایا، اسے پانی دیا اور ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے خصوصی دعا کی ۔پلانٹیشن ڈرائیو میں الخدمت سمر سوشل انٹرن شپ پروگرام کے رضاکار طلبہ و طالبات اور علاقہ مکینوں نے بھرپور شرکت کی اورمہم میں حصہ لیا ۔سینئر منیجرالخدمت والنٹیر مینجمنٹ اسد قریشی ودیگر ذمے داران پلانٹیشن ڈرائیو میں موجود تھے ۔اس موقع پر طلبہ وطالبات نے بھی پودے لگائے اور شہر کو سرسبزوشاداب بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے کہا کہ شجرکاری صرف ایک مہم نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے محفوظ، صحت مند اور سرسبز مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، بڑھتی ہوئی آلودگی اور درجہ حرارت میں اضافے جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ الخدمت کراچی نوجوانوں میں ماحولیاتی شعور بیدار کرنے اور انہیں عملی اقدامات کی طرف راغب کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے جبکہ جین زی موومنٹ کی کاوشیں اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف نے اپنے خطاب میں الخدمت کراچی کی شجرکاری مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ اور قومی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہر شہری اپنی زندگی میں چند پودے بھی لگا کر ان کی دیکھ بھال کرے تو کراچی کو دوبارہ سرسبز اور ماحول دوست شہر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ صرف پودے لگانے تک محدود نہ رہیں بلکہ ان کی حفاظت اور نگہداشت کو بھی اپنی ذمے داری سمجھیں۔تقریب کے اختتام پر شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر اور ان کی حفاظت کو یقینی بنا کر کراچی کو صاف، سرسبز اور ماحول دوست شہر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

 

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *