بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بنیادی حقوق کو پامال کیا،ابو الخیر زبیر

حیدرآباد (نمائندہ جسارت)جمعیت علماء پاکستان و سربراہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہاہے کہ 5 اگست کا دن برصغیر کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، جب بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو پامال کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں سے کشمیری عوام مسلسل بھارتی ریاستی جبر، محاصرے، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں، آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی سازشوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں، مگر ان کے جذبہ حریت کو دبایا نہیں جا سکا۔ کشمیری عوام نے ہر قربانی دے کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے حقِ خودارادیت سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مزید مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے اور اسلامی ممالک، اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے فعال کردار ادا کرنے پر آمادہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ کو کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ وقت کا تقاضا ہے کہ عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم بند کرنے، سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دینے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *