حکومت سندھ سے افغانیوں کی واپسی کیلیے سنجیدہ نہیں ، ایس ٹی پی

خیرپور (بیورورپورٹ ) سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) کی جانب سے پورے سندھ میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں اور دیگر غیر ملکی افراد کے انخلا کے لیے جاری تحریک کے سلسلے میں خیرپور میں پریس کلب سے ڈپٹی کمشنر آفس تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی میں ایس ٹی پی کے ضلعی عہدیداران، کارکنان اور ہمدردوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کے انخلا کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ڈپٹی کمشنر خیرپور الطاف احمد چاچڑ نے ایس ٹی پی کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد میں ضلعی صدر سعید احمد جتوئی، نائب صدر امداد بھیو، جنرل سیکریٹری ولی محمد مستوئی اور دیگر رہنما شامل تھے، جنہوں نے اپنے مطالبات پر مشتمل یادداشت ڈپٹی کمشنر کے حوالے کی احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایس ٹی پی رہنماؤں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک میں مقیم افغان پناہ گزینوں کی مرحلہ وار وطن واپسی سے متعلق واضح پالیسی کا اعلان کر چکی ہے، جس پر ملک کے مختلف صوبوں میں عملدرآمد بھی جاری ہے، تاہم سندھ میں اس پالیسی پر مکمل اور مؤثر انداز میں عمل نہ ہونے کے باعث عوام میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت کی پالیسی کے مطابق سندھ میں بھی بلاامتیاز، شفاف، منصفانہ اور مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے رہنماؤں نے مزید کہا کہ سندھ میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کی موجودگی کے باعث کئی سماجی، معاشی اور انتظامی مسائل جنم لے رہے ہیں، لہٰذا تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کی شناخت کرکے قانون کے مطابق ان کے انخلا کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خیرپور الطاف احمد چاچڑ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ قانون اور حکومتی پالیسی کے مطابق کارروائی کرے گی، ضلع میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں اور دیگر غیر ملکی افراد کی شناخت کے عمل کو تیز کیا جائے گا اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں جلد از جلد ملک بدر کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *