پاکستان مختلف داخلی و خارجی چیلنجز سے گزر رہا ہے‘مفتی اکرام اللہ
کراچی (پ ر) اتحاد المدارس الاسلامیہ کے ناظم الامتحانات مفتی اکرام اللہ واحدی نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں امتِ مسلمہ کو باہمی نفرتوں، حسد اور اختلافات کو ترک کرکے اخوت، محبت اور خیرخواہی کے جذبے کو فروغ دینا ہوگا۔ ایک مضبوط اور باوقار معاشرہ اسی وقت وجود میں آتا ہے جب افراد اپنے کردار‘ رویوں اور اخلاق کو سنوارتے ہیں اور ایک دوسرے کے لیے آسانیاں پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مختلف داخلی و خارجی چیلنجز سے گزر رہا ہے، ایسے حالات میں قوم کو انتشار نہیں بلکہ اتحاد، صبر اور باہمی اعتماد کی ضرورت ہے۔ معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے ہر فرد کو اپنی ذمے داری کا احساس کرنا ہوگا اور عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ بالخصوص نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ وہ منفی سرگرمیوں، سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور بے مقصد مصروفیات سے دور رہیں اور اپنی صلاحیتیں تعلیم، کردار سازی اور ملک و قوم کی خدمت کے لیے وقف کریں۔ مفتی اکرام اللہ واحدی نے مزید کہا کہ اسلام ہمیں برداشت، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور انہیں اصولوں پر عمل پیرا ہوکر ہم پاکستان کو ایک مضبوط، پُرامن اور ترقی یافتہ ریاست بنا سکتے ہیں۔