ڈاکٹر مقصود احمد کی کتاب ‘سیکورٹی ٹریننگ ہینڈ بک’ کی تقریبِ رونمائی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈی آئی جی ڈاکٹر مقصود احمد کی کتاب ‘سیکورٹی ٹریننگ ہینڈ بک’ کی تقریبِ رونمائی؛ آئی جی سندھ نے کتاب کو جدید پولیسنگ کے لیے اہم سنگِ میل قرار دے دیا،اسپیشل سیکورٹی یونٹ (ایس ایس یو)ہیڈکوارٹرز میں ڈی آئی جی سیکورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد کی کتاب سیکورٹی ٹریننگ ہینڈ بک (جلد اول) کی پُروقار تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی۔ تقریب ایس ایس یو کی جانب سے مرتب کردہ سیکورٹی ٹریننگ ہینڈ بک کی باضابطہ رونمائی کے سلسلے میں منعقد کی گئی۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ڈی آئی جی ڈاکٹر مقصود احمد نے مزید کہا کہ یہ ہینڈ بک ملک بھر کے پولیس تربیتی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی سیکورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا کہ اس ہینڈ بک کی اشاعت ان کے پیشہ ورانہ کیریئر کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایچ ڈی کے دوران حاصل ہونے والی علمی تحقیق نے انہیں عملی پولیسنگ کے تجربات کو ایک جامع تربیتی ہینڈ بک کی صورت میں مرتب کرنے پر آمادہ کیا تاکہ آنے والی نسلوں کے قانون نافذ کرنے والے افسران اس سے مستفید ہوسکیں۔