نئے صوبوں کی تجویز پر زین شاہ کا شدید ردعمل

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور وائس چیئرمین تحریک تحفظ آئین پاکستان سید زین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت انتہائی نازک سیاسی، آئینی اور معاشی دور سے گزر رہا ہے، جہاں ملک کے بنیادی مسائل کا حل تلاش کرنے کے بجائے ایک بار پھر نئے آئینی اور انتظامی تجربات کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ بالخصوص نئے انتظامی یونٹس یا نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث قومی اتحاد، وفاقی ہم آہنگی اور صوبائی حقوق کے لیے نہایت نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ اعلامیہ میں انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد دیا گیا بیان جس میں موجودہ نظام کی ناکامی اور ملک میں نئے انتظامی یونٹس یا نئے صوبوں کے قیام کی بات کی گئی انتہائی تشویش ناک ہے اور سندھ سمیت پورے ملک میں بے چینی کا باعث بن رہا ہے۔ سید زین شاہ نے کہا کہ اس تمام معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت، بالخصوص صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول زرداری کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ یہ خاموشی اس تاثر کو تقویت دے رہی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک بار پھر ایسے منصوبے کا حصہ بن چکی ہے جو وفاقی وحدت، آئین اور صوبائی خودمختاری کے اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام آصف علی زرداری اور بلاول زرداری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اپنا واضح مؤقف قوم کے سامنے پیش کریں اور سندھ اسمبلی، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام منتخب نمائندوں کو ہدایت دیں کہ وہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق ہر تجویز کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے سندھ کی وحدت، تاریخی حیثیت اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا واضح مؤقف اختیار کریں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *