پاکستان انویسٹرزفورم اورایگزیکٹوفورم کا انضمام، شفقت محمود صدرہونگے

جدہ (سید مسرت خلیل) سعودی عرب میں پاکستانی سرمایہ کاروں، بزنس مینوں اورممتازکاروباری شخصیات کی نمائندہ تنظیموں پاکستان انویسٹرز فورم اور پاکستان ایگزیکٹوفورم کے درمیان انضمام ہوگیا۔ نئی تشکیل پانے والی تنظیم کا نام پاکستان انوسٹرز فورم سعودی عرب ہوگا۔ جس کے متفقہ فیصلے سے معروف انوسٹرزچودھری محمود شفقت کوصدر منتخب کیا گیا ہے۔ اس خوشی کے موقع پرچودھری شفقت محمود نے کمیونٹی کے معزز افراد کے اعزاز میں پرنسس ہال کرم البلد ہوٹل مدینہ روڈ البغدایہ الشرقیہ میں ایک پُرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا۔ جس کے مہمانِ خصوصی قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ پاکستان سید مصطفیٰ ربانی تھے۔ تقریب میں جدہ میں مقیم کاروباری شخصیات، سرمایہ کار اور کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جبکہ ریاض سے پاکستان انویسٹرز فورم کے صدرغلام صفدر اور پاکستان ایگزیکٹو فورم کے چیئرمین منیر احمد شاد نے خصوصی شرکت کی۔ قاری محمد آصف کی قران پاک کی تلاوت و ترجمہ سے تقریب کا آغاز ہوا۔ نوتشکیل فورم کے جنرل سیکریٹری عبدالخالق لک نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور فورم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے قونصل جنرل کی توجہ اسپیشل بچوں کے لیے ہاسپٹل، اسکول اور قونصلیٹ میں غریب ونادار افراد کے علاج معالجے کے لئے ڈسپنسری کے قیام کی اپیل کی۔ پاکستان ایگزیکٹو فورم ریاض کے چیئرمین منیراحمد شاد اورانوسٹرزفورم ریاض کے صدرغلام صدر نے ایک فورم کے قیام کی کوششوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ چودھری شفقت محمود نے کہا کہ یہ ایک غیرسیاسی ، غیرمنافع بخش تنظیم ہے جو سعودی عرب میں پاکستانی سرمایہ کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کے لیے تشکیل دیا گیا اور متفقہ فیصلے سے انہیں فورم کا چیئرمین، سعودی عرب مقرر کیا گیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ پاکستانی سرمایہ کار ملک کے زرمبادلہ میں اضافے کے لیے مربوط، مؤثر اور طویل المدتی سرمایہ کاری کی حکمت عملی اپنائیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ قونصل خانہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا اور رہنمائی کے لیے اس کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ انہوں نے چودھری شفقت محمود کو پاکستان انویسٹرز فورم سعودی عرب کا چیئرمین مقرر ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ تقریب میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ قونصل سعدیہ خان، سابق وفاقی وزیر ہاوسنگ چورھری شہباز حسین، چودھری اکرم گجر، چورھری اظہر عباس وڑائچ، مسعود احمد پوری اور دیگر ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی، منیر احمد شاد اورغلام صفدرکو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ تقریب کی نظامت کے فرائض چودھری ظہیراحمد نے انجام دیئے۔ جبکہ اختتام قاری آصف کے دعائیہ کلمات اورپُرتکلف عشائیہ پرہوا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *