اسمارٹ فون کے استعمال میں کمی کے لیے نئی ڈیوائس
دنیا بھر میں اسمارٹ فون کے بڑھتے ہوئے استعمال اور سوشل میڈیا کی لت سے نجات کے لیے مختلف ایپس اور ٹولز متعارف کرائے جا چکے ہیں، تاہم ایک نئی ڈیوائس ’برک‘ (Brick) صارفین کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔ اس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ سکرین ٹائم کم کرنے میں روایتی ایپس سے زیادہ مؤثر ثابت ہو رہی ہے۔ برک ایک چھوٹی مقناطیسی اور این ایف سی ٹیکنالوجی سے لیس ڈیوائس ہے جو صارفین کو اپنے فون پر مخصوص ایپس یا فیچرز تک رسائی محدود کرنے کی سہولت دیتی ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ پابندیاں ختم کرنے کے لیے صارف کو جسمانی طور پر فون کو برک کے ساتھ ٹچ کرنا پڑتا ہے، جس سے غیر ضروری طور پر سوشل میڈیا یا دیگر ایپس کھولنے کا رجحان کم ہو جاتا ہے۔