ایچ آر کی جدید سمت اور مصنوعی ذہانت: PIHRM کی تاریخی پیش رفت
پاکستان میں انسانی وسائل (Human Resources) کی ترقی اور پیشہ ورانہ خطوط پر استواری کی تاریخ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہیومن ریسورس مینجمنٹ (PIHRM – Pakistan Institute of Human Resource Management)) کے بغیر ادھوری ہے۔ 1952 میں قائم ہونے والا یہ ادارہ گزشتہ سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے پاکستان میں ایچ آر اور ایمپلائی ریلیشنز (ER) کے شعبے میں رہنما کا کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ فورم نہ صرف انڈسٹری کے پیشہ ور افراد کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے بلکہ کارپوریٹ کلچر کی بہتری اور جدید رجحانات سے روشنی بھی فراہم کرتا ہے۔
صنعتی روابط، میڈیا اور تحقیق کے شعبے میں چار دہائیوں (40 سال) سے زائد عرصے پر محیط اپنے پیشہ ورانہ سفر کی روشنی میں، میں نے پاکستان کے کارپوریٹ اور ایچ آر سیکٹر کے ہر نشیب و فراز کو قریب سے دیکھا ہے۔ اس طویل تجربے اور PIHRM کے ساتھ میری دیرینہ وابستگی نے مجھے ہمیشہ اس بات پر قانع رکھا ہے کہ یہ ادارہ ہمیشہ دورِ جدید کے تقاضوں کو سب سے پہلے سمجھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے 30 جولائی 2026ء کراچی کے یونین کلب میں PIHRM کے زیرِ اہتمام ایک انتہائی پروقار اور تاریخی سیمینار”AI-Powered HR & ER Summit 2026″ کا انعقاد کیا گیا۔ اس سمٹ کا بنیادی موضوع ’’ایچ آر کا مستقبل یہاں سے شروع ہوتا ہے‘‘ (The Future of HR Starts Here) تھا جس میں کراچی کی کارپوریٹ دنیا، ٹیکنالوجی ماہرین اور ایچ آر لیڈرز کی ایک کثیر تعداد نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کی فضا ابتداء ہی سے انتہائی پْرجوش اور علمی گفتگو سے معمور رہی۔ کارپوریٹ سیکٹر اور تعلیمی اداروں سے آئے ہوئے مندوبین نے شرکت کر کے اس بات کا ثبوت دیا کہ پاکستان کا ایچ آر سیکٹر اب مصنوعی ذہانت (AI) کو اپنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
سمٹ کے کلیدی مقرر (Keynote Speaker) اور ٹیکنالوجی ایکسپرٹ رضا کاظمی نے ایچ آر اور ایمپلائی ریلیشنز میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے عملی استعمال، ورک پلیس کلچر کی تبدیلی اور بزنس پرفارمنس پر اس کے مثبت اثرات پر سیر حاصل گفتگو کی۔ اس کے علاوہ انڈسٹری کے معروف پینلٹس جن میں سید عاطف، عمارہ آفتاب، مصطفیٰ بلال اور حنا ثاقب شامل تھے، نے علی نعمان کی نظامت میں پینل ڈسکشن کے دوران جدید تکنیکوں اور درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔
بطور ایڈوائزر میڈیا اینڈ ریسرچ، جب میں نے اس تقریب کے میڈیا، ابلاغی حکمتِ عملی اور تحقیقی پہلوؤں کا جائزہ لیا تو مجھے اس بات کی بے حد خوشی ہوئی کہ ہماری تمام تر محنت اور وژن رنگ لائے۔ اس شاندار اور کامیاب ایونٹ کا سہرا PIHRM کی اعلیٰ قیادت بالخصوص ادارے کے صدر یوسف درباری کی شاندار اور مدبرانہ قیادت اور تنویر عالم کی انتھک کاوشوں کے سر جاتا ہے جنہوں نے اس تقریب کو کامیابی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
PIHRM نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ نہ صرف پاکستان کا قدیم ترین اور معتبر ترین ایچ آر فورم ہے بلکہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر انڈسٹری کی رہنمائی کا حق بھی ادا کر رہا ہے۔ اس طرح کے کامیاب ایونٹس اس بات کی ضمانت ہیں کہ پاکستان کا کارپوریٹ سیکٹر جدید ٹیکنالوجی اور AI کے اس دور میں دنیا کے قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھنے کے لیے بالکل تیار ہے۔