محسن نقوی کے نئے انتظامی یونٹس سے متعلق بیان پرخواجہ آ صف اوررانا ثنا کی تنقید
مظفر آباد/اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان پر شدید تنقید کی ہے۔ آزاد کشمیر میں ایک عوامی جلسے سے خطاب میں رانا ثنا نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس سسٹم میں تم نے 30 سال کا سفر ساڑھے 3 سال میں طے کیا ہے، تم کہاں سے چلے اور اب کہاں پہنچ گئے ہو؟ اب تمہیں آکر پتا چلاہے کہ سسٹم بالکل خراب ہے اور یہ نہیں چل سکتا، اب اس سسٹم کی تمہیں خبر ہو رہی ہے کہ یہ سسٹم ٹھیک نہیں ہے۔ رانا ثنا کا کہنا تھا کہ یہ پارلیمانی جمہوری نظام قائداعظم نے دیا ہے، سیاسی جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان حاصل کیا گیا، یہ سب کو معلوم ہونا چاہیے۔ علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر جاری پیغام میں خواجہ آصف نے وزیر داخلہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نقوی صاحب سسٹم بتدریج بہتر ہو رہے ہوتے ہیں اور ہونے بھی چاہئیں۔ انہوںنے وفاقی وزیر داخلہ کو مشورہ دیا کہ نمونے کے طور پر پی سی بی میں کوئی انقلاب لائیں کیونکہ کرکٹ کے شائقین پی سی بی کی پرفارمنس سے کوئی اتنے مطمئن نہیں۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پی سی بی میں تو اقتدار کْل آپ کے پاس ہے، نہ وزیر اعظم ہے، نہ پارلیمنٹ ہے اور نہ کوئی فرسودہ سیاسی نظام رکاوٹ ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر داخلہ نے اپنے خطاب کہا کہ تھا کہ ملک کا موجودہ سسٹم تباہ ہوچکا ہے اور اس کے لیے ہمیں کچھ سوچنا پڑے گا۔