آرمیش قتل کیس میں مقتولہ کے منگیتر سمیت دوسرا ملزم گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرمیش قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں تھانہ جیکسن کی تفتیشی ٹیم نے مزید ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن کیماڑی مسرور احمد جتوئی کے مطابق تفتیشی ٹیم نے جدید تکنیکی شواہد، پیشہ ورانہ مہارت اور سائنسی تحقیقات کی مدد سے مقدمہ ٹریس کرتے ہوئے فیضان ولد محمد اسحاق کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار ملزم سے دورانِ تفتیش حاصل ہونے والے شواہد، تکنیکی تجزیے اور اس کی نشاندہی پر مزید کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ تازہ کارروائی کے دوران پولیس نے زید ولد فقیر محمد کو گرفتار کر لیا جو مقتولہ کا موجودہ منگیتر ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کو تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے شواہد اور دستیاب معلومات کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا ہے۔ مسرور احمد جتوئی کا کہنا تھا کہ تفتیشی ٹیم گرفتار ملزم سے مختلف پہلوئوں پر پوچھ گچھ کر رہی ہے تاکہ قتل کے واقعے کے تمام حقائق، ملزمان کے باہمی روابط اور جرم میں ہر فرد کے ممکنہ کردار کا مکمل تعین کیا جا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم کو معزز عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جا رہا ہے تاکہ مزید تفتیش کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *