ایم کیو ایم مرکز ، دو گروپوں کے تصادم کے مقدمے کا تاحال اندراج نہ ہو سکا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)بہادر آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پر دو گروپوں کے درمیان جھگڑے، ہاتھا پائی اور ہوائی فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے سلسلے میں ابھی تک ایم کیو ایم پاکستان کے کسی بھی دھڑے نے باقاعدہ درخواست یا رابطہ نہیں کیا جس کے باعث مقدمہ درج نہیں ہوسکا۔ پولیس حکام کے مطابق اگر متاثرہ فریق کی جانب سے رابطہ کیا جاتا ہے تو فوری طور پر مقدمہ درج کر لیا جائے گا تاہم اگر کسی بھی دھڑے نے پولیس سے رجوع نہ کیا تو اعلیٰ پولیس حکام سے مشاورت کے بعد قانون کے مطابق مقدمے کے اندراج سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بہادر آباد میں واقع ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پر اس وقت کشیدگی پیدا ہو گئی تھی جب ایک گروپ اجلاس میں مصروف تھا اور دوسرے گروپ کے کارکن وہاں پہنچ گئے۔ دونوں جانب سے تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی ہوئی جو بعد ازاں ہوائی فائرنگ میں تبدیل ہوگئی۔ واقعے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص ہاتھ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جبکہ شدید فائرنگ کے باعث بہادر آباد اور اطراف کے علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *