حیدرآباد، پکا قلعہ کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ، فنکشنل لیگ
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل مرکزی نائب صدر پیر یاسر سائیں کے میڈیا کوآرڈینیٹر، رہنما حیدرآباد شاہد خان اور دیگر ذمہ داران نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں ایچ ڈی اے واسا کی نااہلی بدانتظامی اور ناقص کارکردگی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پکا قلعہ سے پانی کی سپلائی کئی کئی دن تک معطل رہنے کے باعث شہری پانی کی ایک ایک بوند کو ترس جاتے ہیں، جبکہ واسا حکام اپنی نااہلی کا سارا ملبہ حیسکو پر ڈال کر اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی وقت حیسکو کی جانب سے بجلی کی فراہمی معطل ہو تو واسا کو چاہیے کہ فوری طور پر جنریٹر کے ذریعے پمپنگ کا عمل جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کو پانی کی فراہمی متاثر نہ ہو اربوں روپے کے فنڈز صرف کرنے کے باوجود اگر شہری بنیادی سہولت یعنی صاف پانی سے بھی محروم رہیں تو یہ متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے اگر ان فنڈز کو دیانتداری کے ساتھ عوامی مسائل کے حل پر خرچ کیا جائے تو شہریوں کی مشکلات میں نمایاں کمی آسکتی ہے شاہد خان اور دیگر ذمہ داران نے مزید کہا کہ میئر حیدرآباد کو متعدد مرتبہ آگاہ کیا جا چکا ہے کہ پکا قلعہ سے فراہم کیے جانے والے پانی میں شدید بدبو ہوتی ہے۔ صرافہ بازار، بھائی خان چوک ریشم گلی، شاہی بازار، فقیر کا پیر، چوٹکی گٹی، اسلامی چوک، کھاتا چوک، نائی کا پیڑھ ساٹھی پاڑا، چوڑی گلی، مکتی گلی اور دیگر علاقوں میں پانی کی سپلائی شروع ہوتے ہی تقریباً 15 سے 20 منٹ تک انتہائی بدبودار پانی گھروں میں آتا ہے، جس کے بعد پانی کسی حد تک بہتر ہوتا ہے افسوسناک امر یہ ہے کہ کئی برس گزرنے کے باوجود علاقہ مکینوں کی اس سنگین شکایت کا مستقل حل نہیں نکالا جا سکا۔ انہوں نے کمشنر حیدرآباد، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد اسسٹنٹ کمشنر سٹی، میئر حیدرآباد اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ پکا قلعہ سے پانی کی سپلائی روزانہ مقررہ شیڈول کے مطابق یقینی بنائی جائے بدبودار پانی کی فراہمی کا فوری نوٹس لے کر اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے، اور بجلی کی بندش کی صورت میں پکا قلعہ واٹر سپلائی سسٹم کے لیے جنریٹر فراہم کیا جائے تاکہ شہریوں کو پانی کی فراہمی کسی بھی صورت متاثر نہ ہو انہوں نے کہا کہ صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اس لیے متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے عوام کو اس بنیادی سہولت سے محروم نہ رکھیں۔