آئی آئی چندریگر روڈ پرگیس بندش سے مکین پریشان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے اہم تجارتی علاقے آئی آئی چندریگر روڈ این جے مودی اسٹریٹ جنگ پر لیس میں گزشتہ ایک ماہ سے گیس کی فراہمی معطل ہے۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق گیس کی پائپ لائن میں پانی داخل ہونے کے باعث گیس کی سپلائی مکمل طور پر بند ہو چکی ہے جس سے علاقے میں روزمرہ زندگی اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کے باعث گھروں، ہوٹلوں، دفاتر اور دیگر تجارتی مراکز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات درج کرانے کے باوجود تا حال کوئی موثر اور مستقل حل سامنے نہیں آیا، جبکہ سوئی سدرن گیس کے حکام علاقے میں وزٹ پر آئے‘ انہوں نے فالٹ چیک کیا اور کہا کہ مین روڈ آئی آئی چندریگر روڈ سے مین لائن ٹوٹی ہوئی ہے‘ دوسری ٹیم آ کر کام کرے گی جو آج تک نہیں آئی جس کے باعث عوام میں تشویش اور بے چینی بڑھ رہی ہے۔ رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی پائپ لائن سے فوری طور پر پانی نکال کر سپلائی بحال کی جائے، متاثرہ لائن کا مکمل تکنیکی معائنہ کیا جائے اور مستقبل میں ایسے مسائل کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔ علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام ، متعلقہ گیس کمپنی اور ذمہ دار اداروں سے اپیل کی ہے کہ اس اہم عوامی مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ایک ماہ سے جاری گیس کی بندش کا مستقل حل یقینی بنایا جائے تا کہ شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔