23ویں سالانہ ماحولیاتی کانفرنس 6 اگست کو کراچی میں ہوگی
کراچی (کامرس رپورٹر) نیشنل فورم فار انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ (این ایف ای ایچ) کے زیر اہتمام 23ویں سالانہ ماحولیاتی کانفرنس 2026 اور 23ویں سالانہ انوائرمنٹ ایکسی لینس ایوارڈز 2026 جمعرات 6 اگست کو کراچی میں ہوں گے۔پاکستان کے قابلِ رہائش مستقبل کی بحالی: ضمنی نقصان سے اجتماعی ذمہ داری تک کے موضوع پر ہونے والی کانفرنس میں اعلیٰ سرکاری حکام، پالیسی ساز، ماحولیاتی ماہرین، صنعتی و کاروباری رہنما، ترقیاتی اداروں کے نمائندے اور پائیدار ترقی کے شعبے سے وابستہ شخصیات شرکت کریں گی تاکہ پاکستان کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز پر مؤثر حکمتِ عملی مرتب کی جا سکے۔کانفرنس کا آغاز این ایف ای ایچ کے صدر محمد نعیم قریشی کے استقبالیہ خطاب سے ہوگا، جس کے بعد ڈاکٹر زینب نعیم (سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ)، ڈی آئی جی ٹریفک سندھ پیر محمد شاہ اور یونس ڈاگھا، چیئرمین پالیسی ریسرچ اینڈ ایڈوائزری کونسل، اپنے کلیدی خطابات پیش کریں گے۔ مقررین پاکستان کو درپیش بڑھتے ہوئے ماحولیاتی اور شہری مسائل کے حل کے لیے مؤثر پالیسی سازی، ادارہ جاتی قیادت اور جدید عملی اقدامات پر روشنی ڈالیں گے۔تقریب کا ایک اہم حصہ ایک خصوصی پینل مباحثہ ہوگا جس میں موسمیاتی تبدیلی، صاف توانائی، صنعت، شہری منصوبہ بندی اور آبی وسائل کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز ماہرین شرکت کریں گے۔ اس نشست کی نظامت یاسر حسین، بانی و ڈائریکٹر کلائمیٹ ایکشن سینٹر (سی اے سی)، کریں گے، جبکہ پینل میں انجینئر عرفان احمد (صاف توانائی کے ماہر)، کاشف راشد (منیجر ایچ ایس ای اینڈ ڈیجیٹلائزیشن، مونڈیلیز پاکستان)، محمد توحید (اربن پلانر و قائم مقام ڈائریکٹر، کراچی اربن لیب، آئی بی اے کراچی)، امیر حیدر لغاری (چیف میٹرولوجسٹ، محکمہ موسمیات پاکستان) اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے نمائندے شامل ہوں گے۔ پینل میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا کہ حکومت، صنعت اور معاشرہ مشترکہ ذمہ داری کے ذریعے کس طرح موسمیاتی لحاظ سے محفوظ، وسائل کے مؤثر استعمال پر مبنی اور رہنے کے قابل شہروں کی تعمیر کو یقینی بنا سکتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر 23ویں سالانہ انوائرمنٹ ایکسی لینس ایوارڈز 2026 منعقد ہوں گے، جنہیں پاکستان کے معتبر ترین ماحولیاتی اعزازات میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان ایوارڈز کے ذریعے اْن اداروں کو سراہا جائے گا جنہوں نے ماحولیاتی تحفظ، وسائل کے مؤثر استعمال، پائیدار ترقی اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ تقریب میں این ایف ای ایچ کی قیادت، ایوارڈز جیوری کے اراکین، مہمانِ اعزاز اور چیف گیسٹ کے خطابات کے بعد نمایاں اداروں میں ایوارڈز تقسیم کیے جائیں گے۔گزشتہ 2 دہائیوں کے دوران این ایف ای ایچ کی سالانہ ماحولیاتی کانفرنس پاکستان میں ماحولیات کے حوالے سے ایک مؤثر قومی پلیٹ فارم کی حیثیت اختیار کر چکی ہے، جہاں حکومت، صنعت، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جاتا ہے اور ماحولیاتی مسائل کے قابلِ عمل حل پیش کیے جاتے ہیں۔ توقع ہے کہ اس سال کی 23ویں کانفرنس بھی اسی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے شراکت داری، ماحولیاتی بہترین کارکردگی کے اعتراف اور ایک صاف، سرسبز اور پائیدار پاکستان کے لیے اجتماعی اقدامات کو مزید تقویت دے گی۔