اسٹاک مارکیٹ اتار چڑھائو کا شکار‘1100پوائنٹس گھٹ گئے
کراچی (کامرس رپورٹر) امریکا ایران کشیدگی اور مشرقِ وسطیٰ میں سپلائی رسک کے باعث سرمایہ کاروں کی محتاط حکمت عملی ،پیر کوغیرمعمولی تیزی کے بعد منگل کو منافع کی وصولی کے لیے فروخت کے دبائو سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ دن بھر شدید اتار چڑھائو کا شکار رہی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 1100 پوائنٹس گھٹ گیا اور مارکیٹ نے 1 لاکھ 78 ہزار کی نفسیاتی حد کھودی۔ انڈیکس 178200کی سطح سے گھٹ کر 177000کی سطح پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 120 ارب روپے ڈوب گئے جبکہ 58.98 فیصد حصص کی قیمتیں بھی کم ہو گئیں۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کا آغا مثبت ہوااور انڈیکس 178768 پوائنٹس کی دن کی بلند سطح پر ٹریڈ ہوا تاہم آٹو موبائل اسمبلی، سیمنٹ، کمرشل بینک، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، ریفائنری اور پاور جنریشن کے شعبوں میں فروخت کی خاطر فروخت کے دباو سے مارکیٹ تنزلی کا شکار ہو گئی۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کے ایس ای 100انڈیکس میں 1116پوائنٹس کی کمی ہوئی اور انڈیکس 178200 کی سطح سے کم ہو کر 177083 پوائنٹس پر بند ہوا اسی طرح 377پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 52836 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 107584پوائنٹس سے کم ہو کر 106985پوائنٹس پر آگیا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری مندی سے سرمایہ کاروں کے 120ارب 83 کروڑ 7 لاکھ 19 ہزار 809 روپے ڈوب گئے اور سرمائے کا مجموعی حجم 19833 ارب 2 کروڑ 94 لاکھ 58 ہزار 409 روپے رہ گیا۔ اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو 25ارب روپے مالیت کے 71کروڑ12لاکھ حصص کے سودے ہوئے جبکہ پیر کو 33ارب روپے مالیت کے 78 کروڑ 53 لاکھ حصص کے سودے ہوئے تھے۔اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز مجموعی طور 495کمپنیوں میں شیئرز کا کاروبار ہوا جس میں سے161کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،295میں کمی اور39کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبار کے لحاظ سے پاک انٹر نیشنل بلک، ٹرسٹ بروکریج، ٹی پی ایل پراپرٹیز، سوئی سدرن گیس اور سنر جیکو پاک سر فہرست رہے۔ قیمتوں میں اتار چڑھائو کے اعتبار سے یونی لیور پاکستان فوڈز لمیٹڈ کا بھائو 86روپے بڑھ کر 25386روپے ہو گیا۔ اسی طرح 52.70روپے کے اضافے سے رفحان معیض پروڈکٹ کمپنی لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 9301.28روپے پر جا پہنچی جبکہ خیبر ٹویکو ملز لمیٹڈ کا بھائو116.09روپے گھٹ کر 2041.10روپے ہو گیا۔ اسی طرح 76.77روپے کی کمی سے ہوئسٹ پاکستان لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 3916.15روپے پر آ گئی۔