گارمنٹس اور لیدر فیکٹریوں کے نمائندوں کے لیے شکایات کے ازالہ نظام پر تربیتی سیشن
کراچی (پ ر) چائلڈ رائٹس ایکشن ہب کے تحت کراچی میں گارمنٹس اور لیدر سیکٹر کی شریک فیکٹریوں کے نمائندوں کے لیے شکایات کے مؤثر ازالے کے نظام (گریوینس میکانزم) پر خصوصی تربیتی سیشن منعقد کیا گیا۔ یہ تربیت SPARC اور دی سینٹر فار چائلڈ رائٹس اینڈ بزنس نے یورپی یونین کے مالی تعاون سے جاری منصوبے کے تحت منعقد کی۔سیشن کی قیادت پراجیکٹ ہیڈز ماروی آصف اور علی نظامی نے کی ،تربیت میں شرکاء کو مؤثر شکایتی نظام، کارکنوں کے حقوق، ہیومن رائٹس ڈیو ڈیلیجنس (HRDD)، سپلائی چین میں شفافیت اور ذمہ دارانہ کاروباری طرزِ عمل سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ شفاف شکایتی نظام کارکنوں کے حقوق کے تحفظ، ادارہ جاتی احتساب، باہمی اعتماد اور پائیدار کاروباری ماحول کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اداروں میں شکایات کے مؤثر نظام کو مزید مضبوط بنائیں گے۔