جنرل عامر رضا نے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی ذمے داریاں سنبھال لیں
راولپنڈی (صباح نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل سید عامر رضا نے باضابطہ طور پر کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔ اس موقع پر انہیں تقرری کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سید عامر رضا نے منصب سنبھالنے کے بعد یادگارشہداپر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ بعد ازاں جنرل سید عامر رضا نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل سید عامر رضا کو نئی ذمے داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پیشہ ورانہ امور اور قومی دفاع سے متعلق مختلف معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل سید عامر رضا کی بطور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ تقرری پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کے مؤثر انتظام اور قومی سلامتی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔