روبوٹکس اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی کیلیے وزیراعظم کا 20 ملین ڈالر فنڈ اور نئے پروگرام کا اعلان
اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم نیروبوٹکس اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے 20 ملین ڈالر فنڈ اور نئے پروگرام کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی خودمختاری کے تحفظ اور دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے روبوٹکس اور اٹانومس سسٹمز کی ترقی کے لیے سپارک اینڈ ایلیویٹ پروگرام کے آغاز اور 20 ملین ڈالر کا پاکستان وینچر فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان نے دفاع اور سیکورٹی کے شعبے میں ملکی صلاحیتیں بڑھانے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے ،معرکہ حق میں افواج نے جدید آٹونومس سسٹمز اور سائبر سیکورٹی کے ذریعے سرحدوں کا دفاع کیا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں انڈس راس روبوٹکس اینڈ اٹانومس سسٹمز ایکسپو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ روبوٹکس اور ڈرونز کی جدت سے معیشت مضبوط سلامتی بہتر اور عوام کی زندگی آسان ہوگی، مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی اپنائی، سیمولیٹرز سو فیصد پاکستان میں تیار ہو رہے ہیں‘ اورڈرونز 60 فیصد سے زاید مقامی سطح پر تیار ہو رہا ہے‘ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ اور دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرے گا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں روبوٹکس اور اٹانومس سسٹمز کی ترقی کے لیے سپارک اینڈ ایلیویٹ پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا جس کے ذریعے پاکستان میں عالمی معیار کی ٹیکنالوجیز کے لیے تحقیق کو فروغ دیا جائے گا اس سے کاروبار کی ترقی اور ملازمتوں کے مواقع بڑھیں گے۔ وزیراعظم نے 20 ملین ڈالر کا پاکستان وینچر فنڈ قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تحقیق کو عالمی معیار کی ٹیکنالوجی اور اعلیٰ روزگار میں بدلیں گے، دیگر ممالک کی ٹیکنالوجی کے محتاج نہیں بلکہ اپنی تقدیر خود لکھیں گے۔