کشمیریوں کی رہائی کیلیے پاکستانی وکلا آگے آئیں‘ حریت رہنما کی اپیل

کوئٹہ(صباح نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما حسن البنا نے پاکستانی وکلا سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری قیدیوں کی رہائی کے لیے آگے آئیں۔بلوچستان بار کونسل کی دعوت پر وکلا قیادت اور ملک کے ممتاز قانون دانوں سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ایڈووکیٹ عدالت عظمیٰ راہب خان بلیدی، معروف قانون دان علی احمد کرد ایڈووکیٹ سمیت وکلا برادری کے دیگر نمائندوںنے شرکت کی۔ملاقات میں حسن البنا نے شرکا کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی برس سے شدید مشکلات، پابندیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور کارکن مختلف مقدمات میں بھارت کی جیلوں میں قید ہیں، جنہیں بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے، مقدمات کی پیروی کے مواقع بھی فراہم نہیں کیے جا رہے۔انہوں نے بلوچستان کی وکلا برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور کشمیری قیدیوں کے مقدمات کو عالمی قانونی فورمز پر اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *