لیاقت بلوچ کا عوام کیساتھ اسلام آباد میں موٹروے چوک پر دھرنا

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مہنگائی، پیٹرولیم لیوی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف موٹروے چوک پر جمعہ کی سہہ پہر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ احتجاج کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم اور امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کی۔ دھرنے میں بڑی تعداد میں شہری گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور پیدل شریک ہوئے۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر آج ملک بھر کے 510 مقامات پر مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی دھرنے دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے پیٹرولیم مصنوعات کی اصل قیمت وصول کی جائے، لیوی کی صورت میں بھاری رقم وصول کرنا سراسر ناانصافی ہے۔ حکومت فوری طور پر پیٹرولیم لیوی ختم کرے اور پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کا بہانہ بنا کر عوام پر معاشی بوجھ ڈال رہے ہیں، جبکہ اپنے اخراجات اور عیاشیوں میں کمی لانے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوامی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھے گی۔نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے ٹیکسوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے ذریعے ہر طبقے کو متاثر کیا ہے جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے جائز حقوق کے لیے ہر جمہوری اور آئینی فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور عوام کو ریلیف دلانے تک جدوجہد جاری رکھے گی۔امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ عوام ظلم پر مبنی معاشی نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے اشیائے ضروریہ کو عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا ہے، جبکہ ہر لیٹر پیٹرول پر تقریباً 150 روپے پیٹرولیم لیوی کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں جو غریب عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرولیم لیوی ختم کرے اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی پرامن جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی اور ظالمانہ معاشی پالیسیاں زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتیں۔احتجاجی دھرنے کے اختتام پر مقررین نے اعلان کیا کہ عوامی مسائل کے حل، مہنگائی کے خاتمے اور پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک جماعت اسلامی کی پرامن عوامی تحریک جاری رہے گی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *