چین اور فلپائن میں زلزلے کے جھٹکے‘ شہری خوف کا شکار
بیجنگ؍ منیلا (انٹرنیشنل ڈیسک) چین کے صوبے سیچوان میں 5.2 شدت کے زلزلے سے شہریوں میں خوف پھیل گیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق جھٹکے چانگ ننگ اور شون چانگ کے قریب ریکارڈ ہوئے ۔ مختلف زلزلہ پیما اداروں کی ابتدائی ریڈنگ میں شدت تقریباً 5.1 سے 5.3 کے درمیان بتائی گئی ہے لہٰذا حتمی شدت میں معمولی فرق ممکن ہے۔ زلزلہ زمین کے اندر آنے والی ٹیکٹونک سرگرمی سے متعلق ہے۔ ابتدائی دستیاب اطلاعات میں بڑے پیمانے پر جانی یا مالی نقصان کی مصدقہ اطلاع سامنے نہیں آئی۔ سیچوان چین کے ان علاقوں میں شامل ہے جہاں زلزلے نسبتاً زیادہ آتے ہیں۔ یہ خطہ تبتی سطح مرتفع اور یوریشین پلیٹ کے پیچیدہ ٹیکٹونک دباؤ کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے زیادہ حساس سمجھا جاتا ہے۔دوسری جانب فلپائن میں 5.8 شدت کا زلزلہ آیا ہے جبکہ دارالحکومت منیلا تک جھٹکے محسوس کیے گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق زلزلے کا مرکز آکسیڈینٹل منڈورو کے ساحل سے دور سمندر میں تھا۔