جھیل سیف الملوک جانیوالی سڑک سیاحوں کیلیے کھل گئی
مانسہرہ (صباح نیوز)ضلعی انتظامیہ نے موسم میں بہتری کے بعد سیاحتی مقام جھیل سیف الملوک جانے والی سڑک دوبارہ سیاحوں کے لیے کھول دی ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔انتظامیہ کے مطابق اب سیاح روزانہ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جھیل سیف الملوک روڈ پر سفر کر سکیں گے۔ ایک ہفتہ قبل خراب موسمی صورتحال اور سیاحوں کی حفاظت کے پیش نظر اس سڑک کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ جھیل روڈ کو صرف سیاحوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے بند کیا گیا تھا، اگر موسم دوبارہ خراب ہوتا ہے تو اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ حالات کا جائزہ لے کر جھیل روڈ کو دوبارہ بند کرنے کے اختیارات رکھتے ہیں۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی سفری ایڈوائزری اور موسمی پیشگوئی کی روشنی میں کسی بھی وقت جھیل سیف الملوک روڈ کو دوبارہ بند کیا جا سکتا ہے۔ سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل موسم اور سرکاری سفری ہدایات ضرور چیک کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔