حیدرآباد، یوم آزادی کی تقریبات کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرII،مہوش برڑو کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر کمپلیکس حیدرآباد میں یوم آزادی کی تقریبات کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، پولیس، محکمہ اطلاعات، حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، حیدرآباد سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں 14اگست کی تقریبات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-IIنے ہدایت کی کہ یوم آزادی سے قبل یونین کونسلز، ٹائونز، اسکولوں اور دیگر عوامی مقامات پر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات مکمل کیے جائیں۔ تمام سرکاری دفاتر میں قومی پرچم تبدیل کیے جائیں، سبز روشنیوں سے سجاوٹ کی جائے جبکہ 14اگست کو تمام سرکاری اداروں میں پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقریبات منعقد کی جائیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرٹو ،مہوش برڑو نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی کہ اسکولوں میں طلبہ و طالبات کے درمیان اردو، سندھی اور انگریزی میں تقاریر اور ملی نغموں سمیت دیگر حب الوطنی پر مبنی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے تاکہ نئی نسل میں قومی جذبہ مزید فروغ پائے۔انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ یوم آزادی کی تقریبات کے دوران فول پروف سیکیورٹی اور موثر ٹریفک انتظامات یقینی بنائے جائیں جبکہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں بروقت مکمل کریں تاکہ جشن آزادی بھرپور قومی جذبے، نظم و ضبط اور شایان شان طریقے سے منایا جا سکے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *