حریت کانفرنس کامظفرآباد میں 14 اگست کو جشن آزادی پاکستان کی تقریب کا اعلان

مظفرآباد(صباح نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام 14 اگست یوم آزادی پاکستان کے موقع پر مظفرآباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ حریت کانفرنس نے اہلیان مظفرآباد، مہاجرین، انصار اور زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ جشن آزادی پاکستان کی تقریب میں بھرپور شرکت کریں اور پاکستان کے ساتھ اپنی محبت، عقیدت اور وابستگی کا اظہار کریں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے انفارمیشن ڈویڑن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام اور پاکستان کے درمیان تعلق محض جغرافیائی قربت تک محدود نہیں بلکہ یہ تاریخی، نظریاتی اور قلبی وابستگی پر مبنی ہے۔ بیان کے مطابق 14 اگست کا دن کشمیری عوام کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے اور وہ پاکستان کی آزادی کی خوشیوں میں ہمیشہ جذباتی وابستگی کے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔حریت کانفرنس نے کہا کہ جشن آزادی پاکستان کی تقریبات کشمیری عوام کے جذبات، امیدوں اور امنگوں کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ تنظیم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان محبت اور وابستگی کے دیرینہ رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کرنا اور قومی عزم کا اعادہ کرنا یومِ آزادی کے اہم تقاضوں میں شامل ہے۔ کشمیری عوام پاکستان کی ترقی اور استحکام کو خطے میں امن اور اپنے روشن مستقبل کے لیے اہم سمجھتے ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے آزاد کشمیر کے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ 14 اگست کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں اور قومی یکجہتی، محبت اور وابستگی کے جذبے کے ساتھ جشن آزادی کی خوشیوں میں شریک ہوں۔ تنظیم کے مطابق یہ دن اتحاد، امید اور مشترکہ جذبات کے اظہار کا اہم موقع ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *